کاسرگوڈ،27؍اگست (ایس او نیوز)کووڈ پروٹوکول اَن لاک قوانین کے تحت بین الریاستی سفر کے لئے کسی بھی قسم کی پابندی عائد نہ کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کے بھی کیرالہ نے اپنی سرحدوں پر پاس سسٹم جاری رکھنے کی بات کہی تھی۔
لیکن کیرالہ ہائی کورٹ نے کیرالہ میں آنے جانے والوں کے لئے راستے پوری طرح کھول دینے کا حکم سنایا تھا جس کے بعدڈپٹی کمشنرڈاکٹر ساجیت بابونے افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کرتے ہوئے احکام جاری کیے کہ اب کیرالہ سرحدکے تلپاڈی،مانی مولے، پانتور، پیرلا اور جالسور گیٹس پرآنے جانے کے لئے پاس سسٹم کی ضرورت نہیں رہے گی۔ البتہ انہوں نے کہا کہ کیرالہ میں داخلے سے پہلے ریپیڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی نگیٹیو رپورٹ اپنے پاس رکھنا اور کووڈ پورٹل پر رجسٹریشن کرنا ضروری ہوگا۔ اور یہ کام تلپاڈی گیٹ پر کیا جائے گا۔تلپاڈی کے علاوہ دیگر راستوں سے جنوبی کینرا کے لوگ صرف متعلقہ گرام پنچایت کے حدود تک جاسکیں گے۔ وہاں پر موجود سرکاری اہلکاروں کو انہیں یقین دلانا ہوگا کہ وہ کسی اور علاقے میں داخل نہیں ہونگے۔ ایسی صور ت میں ان کو طبی جانچ اور رجسٹریشن کروانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔